بنگلورو،8؍دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے آج یہ واضح کردیا ہے کہ انسداد گؤکشی بل رواں سرمائی سیشن میں متعارف کیا جائے گا لیکن لو جہاد کے خلاف قانون اگلے سیشن میں لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ ایڈی یورپا نے آج کہا کہ انسداد گؤکشی بل رواں سیشن میں کل یا پرسوں اسمبلی میں پیش کرکے اس پر منظوری لی جائے گی۔اس بل کو اسمبلی میں پیش کرنے وزیر قانون سے کہاگیا ہے۔ساگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوجہاد بل اسمبلی کے اگلے سیشن میں لانے پر ابھی ہم غور کررہے ہیں لیکن یہ قانون رواں سیشن میں نہیں لایا جائے گا۔ حالانکہ یہ دونوں بلوں کو رواں سیشن میں ہی پیش کرنے ہفتہ کے دن ریاستی بی جے پی کے ایگزی کیٹیو کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیاتھا لیکن اب صرف انسداد گؤکشی بل ایوان میں پیش کرنے کا پارٹی نے فیصلہ کیا ہے۔آج صبح وزیر مالگزاری آر اشوک نے بھی بتایاکہ رواں اسمبلی سیشن میں لو جہاد بل پیش نہیں کیا جائے گا۔